عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/عام آدمی پارٹی نے کہا کہ ڈوڈہ سے پارٹی کے رکن اسمبلی معراج ملک پر لگائے گئے تمام الزامات فرضی اور بے بنیاد ہیں۔عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اوررکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے جمعہ کو یہاں کہا کہ قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ان کےرکن اسمبلی معراج ملک پر پی ایس اے لگایا گیا ہے۔ وہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلے رکن اسمبلی ہیں جن پر پی ایس اے لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ معراج ملک کی لڑائی سڑکوں سے عدالت تک لڑی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ جب وہ کچھ پروگراموں میں شرکت کے لیے سری نگر گئے تو انھیں نظر بند کر دیا گیا۔ جموں و کشمیر کا یہی حال ہے۔ ہمیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ انہیں گیسٹ ہاؤس میں کیوں روکا گیا۔
اے اے پی لیڈر نے کہا کہ پورے معاملے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ معراج ملک کے معاملے میں کچھ دلچسپ کہانیاں لکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ انتظامیہ نے معراج ملک کے خلاف اٹھارہ ایف آئی آر درج کرائی ہیں، یہ سب عوامی مسائل اٹھانے کے لیے ہیں۔ دس سال پرانا معاملہ اٹھایا گیا اور ایک ایم ایل اے پر پی ایس اے لگایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ معراج ملک پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔ بی جے پی واحد پارٹی ہے جو معراج ملک کے خلاف ہے، باقی تمام پارٹیاں معراج ملک کی حمایت کر رہی ہیں۔
معراج ملک کے خلاف تمام الزامات فرضی اور بے بنیاد ہیں: اے اے پی
