پتھرائو ،لاٹھی چارج اور شیلنگ ،کئی پولیس افسروعام لوگ زخمی،انٹرنیٹ خدمات معطل
اشتیاق ملک
جموں// عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے معراج ملک کی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کےمنگل کو ضلع ڈوڈہ میں جگہ جگہ خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے، جس کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور لاٹھی چارج اور اشک آور گولوںکا استعمال کرنا پڑا۔ ان چھڑپوںمیں ڈی ایس پی ڈی آر ڈوڈہ ،ایس ڈی پی اواور ایس ایچ او گندوہ سمیت کئی پولیس اہلکاراور عام لوگ بھی زخمی ہوئے۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روزایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک کے آبائی بلاک جکیاس سے سینکڑوں کی تعدادمیں مرد و زن سڑکوں پرآئے اور معرج ملک کی نظر بندی کے خلاف احتجاج شروع کیا۔ سیکڑوں مظاہرین نے احتجاجی جلوس نکالا جس دوران کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراو ٔاور جوابی پتھراو ٔکے مناظر دیکھنے ملے۔ہزاروں لوگوں کا ہجوم 20سے 25کلومیٹر پیدل مسافت طے کرنے کے بعد پہلے کاہرہ پہنچاجس دورا ن انہوںنے درجنوں مقامات پر پولیس کے ناکے توڑے۔ بلاک جکیاس، چلی ،کاہرہ کے علاقوں سےہزاروں لوگوں پر مشتمل ہجوم 30/35کلومیٹر پیدل سفر کرکے ٹھاٹھری کی طرف گامزن رہا جس دورام دونادی کے مقام پر پولیس و ہجوم کے درمیان لاٹھی چارج و پتھراؤ ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈوڈہ کے دونادی علاقے میں پولیس تشدد پر اتر آئی اور بھیڑ کو منتشر کرنے کی خاطر ٹیر گیس شلنگ کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ایس ایچ او گندوہ محمد فاروق کٹوچ ،ایس ڈی پی او گنوہ راج کمار کول ہجوم کے ساتھ جھڑپوںکے دوران زخمی ہوگئے جبکہ مزید چند اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔بعد ازاں جلوس نے ٹھاٹھری کی جانب سفر جاری رکھا اور آخری اطلاعات ملنے تک جب ٹھاٹھری ناکہ کو بھی عبور کر کے ڈوڈہ کی طرف جارہا تھاتواس دوران ڈوڈہ ضلع صدر مقام سے15کلومیٹر پہلے پریم نگر شیوا برج پر دوبارہ اس وقت جھڑپیں شروع ہوئیں جب پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی ۔یہاں لاٹھی چارج اور شلنگ کی گئی اور مظاہرین کی جانب پتھرائو کیاگیا جس کے نتیجہ میںڈی ایس پی ڈی آرڈوڈہ عادل ریشوزخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایس ایس پی ڈوڈہ اور ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج بھی جائے موقعہ پر موجود تھے۔دن بھر جاری رہنے والی جھڑپوںمیں کئی عام لوگوںکے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔مظاہرین کا کہناتھاکہ معراج ملک ایک عوامی نمائندہ ہیں اور ان پر پی ایس اے جیسا سخت قانون نافذ کرنا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ معراج ملک کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔شدید احتجاج کے پیش نظر ڈوڈہ ضلع میں انٹر نیٹ خدمات کو احتیاطی طورپر معطل کردیا گیادریں اثنا انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر ضلع ڈوڈہ کو فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا ہے اور چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاہم اس کے باوجود بھی لوگ معراج ملک کی رہائی کی مانگ کو لے کر سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔ادھر ڈوڈہ کے ساتھ ساتھ جموں میں پریس کلب کے سامنے عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ معراج ملک کو جرم بے گناہی کے الزام میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقل کیا گیا۔
اتارچڑھاؤتکنیکی مسئلہ
ہماراکوئی رول نہیں:ضلع انتظامیہ
اشتیا ق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں انٹرنیٹ کی رفتار عارضی طور پر متاثر ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ڈوڈہ نے واضح کیا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی یا رکاوٹ انتظامیہ کی طرف سے نہیں لگائی گئی ہے بلکہ یہ مسئلہ صرف تکنیکی نوعیت کا ہے۔انتظامیہ کے مطابق مختلف سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے مرمت اور تکنیکی کام جاری ہیں جس کی وجہ سے انٹرنیٹ کی رفتار میں وقتی اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ صورتحال کے معمول پر آنے کے بعد خدمات بحال ہو جائیں گی۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عارضی خلل کے دوران تعاون کریں اور صبر و تحمل سے کام لیں۔