عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کے منجاکوٹ علاقے میں عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے ڈوڈہ ایسٹ، مہراج ملک کی پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران بڑی تعداد میں نوجوانوں اور مقامی لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کرتے ہوئے اس گرفتاری کو ’عوامی آواز دبانے کی کوشش‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک منتخب عوامی نمائندے کو پی ایس اے کے تحت حراست میں لینا جمہوری اقدار کے خلاف ہے اور اس اقدام سے عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچے گا۔مظاہرین نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایم ایل اے مہراج ملک کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس قسم کی کارروائیاں جاری رہیں تو عوام میں مزید بے چینی اور دوریاں پیدا ہوں گی۔مظاہرین نے انتباہ دیا کہ منتخب نمائندوں کے خلاف اس طرح کے اقدامات سے عوامی مسائل مزید بڑھیں گے اور لوگ حکومت سے مزید بدظن ہوں گے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جمہوری اقدار کا احترام کرے اور عوامی رائے کو دبانے کے بجائے سننے کی کوشش کرے۔ادھر مقامی لوگوں نے کہا کہ مہراج ملک ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں پیش پیش رہے ہیں اور ان کی حراست سے خطے کے عوام میں مایوسی پھیل گئی ہے۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس و انتظامیہ بھی الرٹ رہی تاہم مظاہرہ پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔