آبائی علاقہ میں مقامی افسروں کی ٹیمیں روانہ، عوامی مسائل کا جائزہ لیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں رکن اسمبلی معراج ملک کی گرفتاری کو پانچ روز مکمل ہو گئے ہیں ۔ اس دوران حکام کی ہدایات پر اے سی ڈی ڈوڈہ دین محمد آفاقی و ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال کی قیادت میں مقامی افسران کی ٹیموں کو ایم ایل اے موصوف کے آبائی گاؤں تیندلہ، اخیار پور ،جکیاس ملکپورہ ،بھٹیاس روانہ کیا گیا اور انہوں نے سیول سوسائٹی کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں کیں۔اس دوران لوگوں نے ایم ایل اے معراج ملک پر پبلک سیفٹی ایکٹ ہٹانے ،احتجاج کے دوران دائر کئے گئے مقدمات کو واپس لینے، نوجوانوں کو ہراساں نہ کرنے کی مانگ کرتے ہوئے علاقہ میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔سابق سرپنچ لیاقت علی شیخ کی قیادت میں لوگوں نے کہا کہ علاقہ میں راشن، آٹا ،رسوئی گیس و دیگر غذائی اجناس کی شدید قلت ہے اور بجلی و پانی کا بھی بحران ہے۔لوگوں نے علاقہ میں موبائل سروس بحال کرنے کی بھی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی سیلاب سے عوام پریشان ہے اور ایم ایل اے معراج ملک کی گرفتاری کے بعد ان مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔انتظامیہ نے انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل کا ترجیح بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔