سمت بھارگو
راجوری//ایک اہم سیاسی پیش رفت میں تھنہ مندی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی ایڈوکیٹ مظفر اقبال خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ڈوڈہ ایسٹ کے عام آدمی پارٹی سے وابستہ اور زیر حراست ایم ایل اے معراج ملک کا مقدمہ اگر سپریم کورٹ تک پہنچا تو بلا معاوضہ لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرمعراج ملک کا خاندان اس کیس کو آگے بڑھانا چاہے تو وہ بغیر کسی فیس کے سپریم کورٹ میں ان کی پیروی کریں گے۔مظفر اقبال خان، جو اس وقت آزاد رکن اسمبلی ہیں، ماضی میں نیشنل کانفرنس کے ساتھ وابستہ تھے تاہم کانگریس اور این سی کے سیٹ شیئرنگ معاہدے کے تحت کانگریس کو تھنہ منڈی نشست ملنے کے بعد انہوں نے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بعدازاں انہوں نے جموں و کشمیر میں انڈیالائنس حکومت کی حمایت کا اعلان کیا۔قابل ذکر ہے کہ مظفر اقبال خان سابق سب جج رہ چکے ہیں اور اس وقت جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ آف انڈیا میں بھی وکالت کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی معراج ملک کو حال ہی میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا ہے اور اس وقت وہ کٹھوعہ جیل میں مقید ہیں۔خان کے اس اعلان نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف سیاسی حراستوں پر سوال کھڑا کرتا ہے بلکہ معراج ملک کے اہل خانہ کے لئے ایک ممکنہ قانونی سہارا بھی فراہم کرتا ہے۔