عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں//سینئر ایڈوکیٹ نرمَل کے کوتوال نے ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور بیانات پر وضاحت جاری کی ہے۔انہوں نے پریس ریلیز میں کہا کہ ان کے نوٹس میں آیا ہے کہ کچھ ویڈیوز میں مبینہ طور پرمعراج ملک نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے برہان وانی اور دہشت گرد مسعود اظہر کی تعریف بھی کی ہے۔ایڈوکیٹ کوتوال نے کہا’’سب سے پہلے میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ ویڈیوز اور بیانات مجھے عام آدمی پارٹی کی لیگل ٹیم نے اس وقت کبھی نہیں بتائے جب مجھے معراج ملک پر پی ایس اے کے نفاذ کے معاملے پر بریفنگ دی گئی تھی‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ بیانات درست ہیں تو یہ نہایت غیر ذمہ دارانہ، غیر حساس اور قومی سلامتی، خودمختاری اور بھارت کی سالمیت کے لئے نقصان دہ ہیں۔ انھوں نے کہا بطور ایک وکیل اور ایک شہری، میں قوم کے مفاد کو سب سے اوپر رکھتا ہوں۔ایڈوکیٹ کوتوال نے اپنے ضمیر، پیشہ ورانہ اصولوں اور قومی سالمیت سے وابستگی کے پیش نظرمعراج ملک کی پی ایس اے کیس میں نمائندگی کرنے سے خود کو الگ کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ’’بھارت کی وحدت اور خودمختاری ناقابلِ سمجھوتہ ہیں اور ان کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی بیان یا اقدام کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا‘‘۔
معراج ملک کی نظربندی پر حامیوں میں مایوسی
ایل جی انتظامیہ سے عوامی نمائندے کو رہا کرنے کی مانگ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //رکن اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک کو پبلک سیفٹی ایکٹ میں گرفتار کئے ہوئے دس روز مکمل ہو گئے ہیں۔ ادھر ملک کے حامی مایوسی کا شکار ہیں لیکن انہیں عدالت سے راحت کی امید ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے معراج ملک کے درجنوں حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ شروع سے ہی ایمانداری، دیانتداری کا نعرہ دے کر غریب کو اس کا حق دینے کے لئے پرعزم تھے لیکن وہ موجودہ حالات کا شکار ہو گئے جہاں پر چنے ہوئے عوامی نمائندے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔فرید احمد نامی ایک عاپ ورکر نے کہا کہ معراج ملک طالب علمی کے زمانے سے ہی غریب کی آواز اٹھاتے تھے اور اس کا صلہ لوگوں نے سال 2020میں اسے ڈی ڈی سی کونسلر کی شکل میں دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک رشوت خوری، ناانصافی، وی آئی پی کلچر کے خلاف رہے ہیں اور انہوں نے سیاست میں داخل ہوتے ہی انقلاب کا نعرہ لگوایا تھا۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام و باالخصوص نوجوانوں کو ملک سے کافی امیدیں وابستہ تھیں جس ثمرہ سال 2024کے اسمبلی انتخابات میں ڈوڈہ حلقہ کی عوام نے دیا اور ملک کو قانون ساز اسمبلی کا رکن منتخب کیا۔ عبدالغنی ملک نامی ایک اور کارکن نے کہا کہ معراج ملک ایمان و دیانتداری کی ایک مثال ہیں اور وہ عام آدمی کے ترز پر سادہ زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ موجودہ سسٹم کا شکار ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدالت سے انہیں راحت ملے گی۔ انہوں نے مرکزی سرکار، ایل جی انتظامیہ و عمر و عبداللہ حکومت سے اسے بھی اپیل کی کہ وہ منتخب نمائندے کو پبلک سیفٹی ہٹا کر اسے آزاد کریں تاکہ وہ اپنے حلقہ کی عوام کے ساتھ ہر مشکل میں کھڑا ہوگا۔