عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا کہنا ہے کہ رکن اسمبلی معراج ملک پر پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے ) لگانا جمہوریت پر حملہ ہے ۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ یہ جمہوریت کے خلاف ہے اور جمہوری نظام میں ایسا نہیں ہونا چاہئے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ ‘ارکان اسمبلی نے سیشن کے دوران اپنے اپنے طریقوں سے اپنی اپنی باتیں رکھیں اور سرکار نے ان پر غور کیا، یہ ارکان اسمبلی کا حق ہے کہ وہ اسمبلی میں اپنی بات رکھیں’۔ انہوں نے کہا: ‘معراج ملک رکن اسمبلی ہیں، لوگوں نے ان کو چنا ہے ، میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ ان پر پی ایس اے لگانا جمہوریت پر حملہ ہے ‘۔ ان کا کہنا تھا: ‘ٹھیک ہے کہ ان کی زبان میں کچھ فرق ہوگا لیکن اس پرضلع مجسٹریٹ ان پر پی ایس اے عائد نہیں کر سکتا ہے ، یہ جمہوریت کے خلاف ہے اور جمہوری نظام میں ایسا نہیں ہونا چاہئے ‘۔اس دوران نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے کل اسمبلی کو مطلع کیا کہ اننت ناگ حلقے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے قانون ساز پیر زادہ محمد سعید کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے ایوان کو بتایاکہ رانی باغ میں شادی ہال کی تعمیر کے لئے 499.25 لاکھ روپے کی تفصیلی منصوبہ رِپورٹ (ڈِی پی آر) تیار کر کے میونسپل کمیٹی اننت ناگ کے ایگزیکٹیو آفیسر کے دفتر میں جمع کی گئی ہے۔ تاہم اِنتظامی منظوری کا اِنتظار ہے۔سریندر کمار چودھری نے مزید کہا کہ پرانے ایس آر ٹی سی یارڈ میں شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر مکمل نہ ہونے کی وجوہات جیسے تکنیکی منظوری، ساختی ڈرائنگ کی ویٹنگ وغیرہ کے معاملات مکانات و شہری ترقی محکمہ( ایچ یو ڈِی ڈِی) کے ساتھ زیر غور ہیں۔ جیسے ہی محکمہ جواب دے گا، کام مالیاتی قواعد کے مطابق شروع ہوگا۔اُنہوں نے نئے ڈپٹی کمشنر آفس کمپلیکس اننت ناگ کے حوالے سے کہا کہ 106.87 کروڑ روپے کی ابتدائی پروجیکٹ رِپورٹ( پی پی آر )تیار کی جا چکی ہے اور ڈی سی آفس میں جمع ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈِی پی آر کی تیاری چیف آرکیٹیکٹ کے مشورے سے جاری ہے اور زمین خالی ہونے، منظوری اور فنڈز دستیاب ہونے کے بعد کام شروع کیا جائے گا۔