بلال فرقانی
سرینگر// جموں وکشمیر میں معراج العالم ؐکی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔اس سلسلے میں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں سردی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میںلوگ وعظ و تبلیغ، درودواذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے۔ اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاںسینکڑوں لوگوںنے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا اورنماز مجر کے بعدموئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔ درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وزن نے شرکت کی اور موئے پاک کا دیدار کیا۔شب خوانی کی مجالس آثار شریف شہری کلاش پورہ، درگاہ حضرتبل پنجورہ، جناب صاحب صورہ، چرار شریف اور دوسری عبادگاہوں میں بھی منعقد ہوئیں۔ جبکہ صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب و پیر پنچال اور خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔وادی کشمیر کے تقریباً تمام تجارتی مراکز، مساجد، زیارت گاہوں اور اور دیگر عبادت گاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ بعض مقامات پر لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی برقی قمقموں اور بتیوں سے سجایا ہے۔ انتظامیہ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے جن میں بلا خلل،بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور جموں وکشمیر بینک نے درگاہ میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے تھے۔عقیدتمندوں کو درگاہ تک لانے اور لے جانے کے لئے اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) نے دیر رات تک ٹرانسپورٹ سہولیت دستیاب رکھی گئی تھی۔دریں اثنا وادی کشمیر میں تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے ریاستی عوام بالخصوص اہل اسلام کو معراج العالم کی مبارک باد پیش کی ہے۔
معراج عالمؐ پر روح پرور مجالس | درگاہِ حضرتبل میں ہزاروں کا اجتماع
