بلال فرقانی
سرینگر// معراج العالمؐ کی مناسبت سے جمعتہ الوداع کی تقریبات عقیدت و احترام سے منائی گئیں۔ وادی میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی ،جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع تھے اور وہ موئے مقدسؐ کی زیارت سے فیضیاب ہوئے۔انتظامیہ نے زائرین کو درگاہ حضرت بل اور دیگر مقدس مقامات تک لانے اور لیجانے کیلئے ٹرانسپورٹ کے علاوہ پانی اور بجلی کے مناسب انتظامات کئے تھے جبکہ کئی رضاکار تنظیموں نے زائرین کی سہولیات کیلئے خصوصی کیمپ لگا ئے تھے۔حضرت بل میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔رات بھر درود و اذکار کی محفل آراستہ ہوئی اور عقیدت مندوں نے روح پرور مجلس میں حصہ لیا۔ ایسی ہی تقریبات آثار شریف جناب صاحب صورہ، لال بازار ، پنجورہ شوپیاں، کھرم سرہامہ ، کعبہ مرگ، مکہ ہامہ ، آستان امام العالم ، درگاہ نقشبند اندرواری ، اہم شریف بانڈی پورہ اور دیگر زیارت گاہوں میں بھی منعقد ہوئیں جہاں تبروکات کی نشاندہی کی گئی۔ حضرت بل میں فلسفہ معراج پر خطبہ دیا گیا۔درگاہ حضرتبل میں زائرین کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا اور درگاہ عالیہ کے اردگرد برقی قمقمے لگائے گئے تھے۔