عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // محکمہ بجلی کے پی ڈی ایل /ٹٰ ڈی ایل یونین نے پاور ڈیو لپمنٹ ڈیپارٹمنٹ انتظامیہ اور ملازمین کارڈینیشن کمیٹی کے ساتھ سہ فریقی میٹنگ کے بعد 30 دنوں کے لیے اپنے ایک ماہ سے جاری احتجاج کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔26 جون کو شروع ہونے والے اس احتجاج کا مقصد557 کارکنوں کو ریگولرائز کرنے اور فوت شدہ اور معذور عملے کے لیے معاوضے کے لیے دبا ڈالنا تھا۔ ان میں سے 332 کو ریگولرائزیشن رولز 2022 کے مطابق ڈیپارٹمنٹل لیول کمیٹی کے ذریعے ریگولرائز کرنے کی سفارش کی گئی تھی، اور اس تجویز کو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 11 اپریل 2025 کو منظور کیا تھا۔ جو اس وقت جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر جائزہ ہے۔کمیٹی نے پی ڈی ڈی اور جے پی ڈی سی ایل انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کی اور احتجاج کرنے والے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ایجی ٹیشن کو عارضی طور پر معطل کر دیں، انہیں یقین دلایا کہ اگر ایک ماہ بعد بھی معاملہ حل نہ ہوا تو تمام یونینیں ان کے احتجاج میں شامل ہوں گی۔ایک حالیہ کمیونیکیشن کے مطابق ریگولرائزیشن کے قوانین میں ترمیم کرنے کے لیے اگلے مہینے کے دوران، بورڈ آف ڈائریکٹرس اجلاس بلائے گا، جس سے ریگولرائزیشن کے احکامات جاری کیے جا سکیں گے۔ زیر التوا ایکس گریشیا اور انشورنس کلیمز کو سنبھالنے کے لیے ایک نوڈل افسر بھی مقرر کیا جائے گا، اور احتجاج کرنے والے کارکنوں کی اجرت کو روکا نہیں جائے گا۔ ان یقین دہانیوں کی بنیاد پر، یونین نے احتجاج ختم کرنے اور فوری طور پر کام دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔