سرینگر//دختران ملت نے مسلم دنیا خصوصا او آئی سی اور پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹر محمد قاسم کا معاملہ بین الاقوامی عدالت میں لے جائے۔ایک بیان میں دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ ڈاکٹر قاسم کو سیاسی عناد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں عمر قید کی سزا 14، 18 یا 20 برس مقرر ہے لیکن یہاں کہا جارہا ہے کہ ان کی سزا تا مرگ ہے۔نسرین نے کہا کہ کئی عارضوں میں مبتلا ہونے کے باوجود ڈاکٹر قاسم نے اپنی پوری زندگی تحریک کیلئے وقف کر رکھی ہے۔اُن کی اسیری سے ان کی اہلیہ آسیہ اندرابی اور ان کے بچے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔نسرین نے کہا کہ بھارت نے اس کنبے کو بری طرح نشانہ بنایا اور اس گھر کے چاروں افراد ایک دوسرے کی نظروں سے دور زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کیلئے اس کا خاوند اہم ہوتا ہے جبکہ بچوں کیلئے والدین لیکن بھارتی حکومت نے ان چار افراد سے یہ سب کچھ چھین لیا۔نسرین نے کہا کہ مسلم دنیا پر عموماً اور پاکستان پر خصوصی طور یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ڈاکٹر قاسم کے معاملہ کی پیروی کریں۔دریں اثنا آسیہ اندرابی کی نجی سیکریٹری صوفی فہمیدہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آسیہ کی طبیعت بہت بگڑ گئی ہے ،اسلئے ان کیلئے دعائیں کریں۔