جموں // دیہی ترقی ، پنچائتی راج و قانون و انصاف عبدالحق نے خواتین کو ان کی معاشی و معاشرتی حالت زندگی بہتر بنانے کیلئے لاگو کی گئی سکیموں سے بھر پور استفادہ کرنے پر زور دیا ۔ وزیر نے جموں کے ڈنسال بلاک میںمختلف اپنی مدد آپ گروپوں کے ارکان کے ساتھ ریاستی دیہی روز گار مشن کی جانب سے ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر کپل شرما ، بلاک ڈیولپمنٹ افسر ڈنسال مختار احمد، پنچائت سیکرٹری پنجاب چند اور دیگر ضلع افسران موجود تھے ۔ وزیر نے کہا کہ خواتین کی با اختیاری سماج کی ترقی کیلئے لازمی ہے اور معاشی خود کفالت صحیح معنوں میں خواتین کی بااختیاری کی جانب پہلا قدم ہے ۔ اپنی مدد آپ گروپوں کے ارکان کو اپنی کامیابی رقم کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ایک بااختیار خاتون بااختیار سماج کا ضامن ہے اور حکومت نے خواتین کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے متعدد سکیمیں لاگو کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ گروپوں کیلئے لازمی مارکیٹ مدد فراہم کرنے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے تا کہ ان کی مصنوعات ملک بھر میں معقول قیمتوں پر بیچی جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے خواتین کی بہبودی کو حکومت کی ترجیحات میں شامل کیا ہے اور اس سلسلے میں اہداف کے حصول کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ عبدالحق نے کہا کہ امید سکیم سے دیہی خواتین کو گھریلو آمدنی میں اضافہ کرنے میں کافی مدد ملی ہے اور اس طرح خواتین کو خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی ، معاشرتی اور سیاسی طور بااختیار بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی روز گار مشن کے تحت خواتین کی بااختیاری پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔ خواتین کو مختلف شعبوں بشمول دستکاری ، پشو پالن ، بنکروں ، باغبانی ، زراعت ، ڈیری فارمنگ ، پرویژنل سٹوروں ، پولٹری فارمنگ ، زاعفران کی کاشت وغیرہ کے تحت اپنی مدد آپ گروپ قایم کرنے میں معقول مالی معاونت سکیم کے تحت فراہم کی جا رہی ہے ۔ اس سے قبل وزیر نے ڈنسال بلاک میں جھجر کوٹلی میں ایک ملک کلکشن سنٹر کا افتتاح کیا جو ضلع کے سیلف ہیلپ گروپ نے قایم کیا ہے ۔