عظمیٰ نیوز ڈیسک
ممبئی//ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی جمعہ کو ختم ہونے والی اپنی تین روزہ مانیٹری پالیسی جائزہ میٹنگ میں ریپو ریٹ اور دیگر پالیسی ریٹ میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے کیونکہ مرکزی بینک اقتصادی ترقی اور افراط زر کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔خیال رہے کہ آر بی آئی کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی میٹنگ بدھ کو شروع ہوئی اور جمعہ کو ختم ہوگی۔ اس میں ملک کی معاشی حالت، مہنگائی، مانسون کی صورتحال، عالمی عوامل وغیرہ کی بنیاد پر پالیسی ریٹ سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے۔ امکان ہے کہ کمیٹی ریپو ریٹ کو 6.5 فیصد پر مستحکم رکھنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ریپو ریٹ وہ شرح ہے جس پر مرکزی بینک کمرشل بینکوں کو ان کی فوری لیکویڈیٹی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قلیل مدتی رقم قرض دیتا ہے۔ اس سے بینکوں کی طرف سے کارپوریٹ اور عام صارفین کو دئے گئے قرضوں پر سود کی شرح متاثر ہوتی ہے۔ شرح سود میں کمی سرمایہ کاری اور کھپت کے اخراجات کو کم کرتی ہے، تاہم، کھپت میں اضافہ کی وجہ سے مہنگائی میں اضافے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔