نئی دہلی// صدر رامناتھ کووند نے حساس، ہم آہنگی اور ایسے معاشرہ کی تعمیر پر زور دیا ہے جس میں ہر شخص کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں اور وہ اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرسکے ۔مسٹر کووند نے آج یہاں معذور افراد کو بااختیار بنانے کیلئے قومی ایوارڈ دینے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ ملک کا مستقبل اس کے شہریوں کو بااختیار بنانے پر منحصر ہے ۔ 'سب کا ساتھ سب کا وکاس ' کے تصور پر آگے بڑھتے ہوئے تمام کو اس کے لئے مصروف عمل ہونا ہوگا کہ معاشرے کے ہر فرد کو اس کی ترقی کے لئے یکساں مواقع ملیں۔اس کے لئے ایسے حساس اور ہم آہنگی پر مبنی معاشرے کی تعمیر ضروری ہے جہاں ہر فرد خودکو محفوظ محسوس کرے اور جہاں کسی ایک کا درد سب کو یکساں طورپر محسوس ہو۔ انہوں نے کہاکہ اسی جذبہ سے ملک مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی شخص کو مالی طورپر اہل بناکر اس کی زندگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور حکومت اسی سمت میں کام کرتے ہوئے معذور افراد کو روزگارمہیا کرانے کی اسکیم چلا رہی ہے جس میں ریزرویشن کا انتطام کیا گیا ہے ۔ معذور افراد کے لئے خالی عہدوں پر تیز ی سے تقرر کی جارہی ہے جو نئے ہندستان کی نئی سوچ کی مظہر ہے ۔ اسی کے سبب معذور افراد کلکٹر، انجینئر، سفارت کار، ڈاکٹر اور سائنسداں بن کر ملک کی ترقی میں اہم تعاون کررہے ہیں۔