سرنکوٹ//غیر سرکاری تنظیم پیر پنجال یوتھ پارلیمنٹ اور گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ کے اشتراک سے کالج احاطے میں ایک سیمینارـ" معاشرہ میں منشیات کا بڑھتا رجحان" کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کالج پرنسپل ڈاکٹر مشتاق لون نے کی جبکہ استقبالیہ خطبہ ڈاکٹر عبدالرزاق نے پیش کیا۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم سرنکوٹ ڈاکٹر بشارت حسین مہمانِ خصوصی اور ڈی ایس پی سرنکوٹ اصغر ملک مہمانِ ذی وقار تھے ۔اس موقعہ پر ادبی شخصیت نذیر حسین قریشی اور حسام الدین بیتابؔ نے پیر پنجال یوتھ پارلیمنٹ کو تلقین کی وہ آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرے ۔ڈاکٹر مشتاق لون نے کہاکہ منشیات ایک وبا کی صورت اختیار کرگئی ہے جس پر قابو پانا ضروری ہے۔ موصوف نے پیر پنجال یوتھ پارلیمنٹ کو تلقین کی کہ وہ سماج کی بہتری اور نوجونوں کے تربیت میں اہم رول ادا کرے ۔ڈاکٹر بشارت اور ڈی ایس پی سرنکوٹ نے کہا کہ ایسے پروگراموں کاہونا بے حد ضروری ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ والدین کو اہم کردار ادا کرنا ہے اور انہیں اپنے بچوں کو مثبت راہ اختیار کرنے میں رہنمائی کرنی ہے ۔ پیر پنجال یوتھ پارلیمنٹ کے با نی و صدر سید وسیم الحسن نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سماج کی فلاح و بہبود کیلئے بلا مذہب و ملت ہم قدم ہوکر ضلع و تحصیل انتظامیہ کا تعاون کریں تاکہ سماج سے منشیات جیسی برائیوں کو دور کیا جا سکے ۔اس موقعہ پرنظامت کے فرائض امتیاز چودھری اور محمد سفیر نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک پروفیسر شیراز میر نے پیش کی۔