سرینگر//پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک المناک سڑک حادثے میں 9افراد جاں بحق اور 6زخمی ہوگئے۔یہ دلخراش حادثہ وادیٔ جہلم میں حدمتارکہ کے قریب بدھ کی صبح اُس وقت پیش آیا جب مسافروں سے کھچاکھچ بھری ایک مسافر جیپ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میںجاگری۔ جیپ وادی ٔ کھلانا سے چکوٹھی مظفرآباد جارہی تھی کہ وادیٔ جہلم میں دکھن کے مقام پر ایک تنگ موڑ سے گزرنے کے دوران ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھوبیٹھا اور گاڑی سڑک کے کنارے سے لڑھکتے ہوئے کئی سوفٹ گہری کھائی میںجاگری۔مظفرآباد پولیس کے مطابق سڑک کے کنارے سے لڑھک جانے کے بعد جیپ پتھروں او رچٹانوں سے ٹکراتے ہوئے گہری کھائی میںجاگری، جس کے نتیجہ میں مسافر جیپ تباہ ہوگئی جبکہ اس میںسوار سبھی15مسافر شدید زخمی ہوگئے ،جن میں سے 9افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مظفرآباد کی پولیس اور انتظامیہ سے وابستہ بچاؤ ٹیمیں جائے واردات پر پہنچ گئیں جنہوں نے مقامی لوگوں کے اشتراک سے فوری طور بچاؤ آپریشن شروع کیا۔معلوم ہوا ہے کہ انسانی زنجیریں بناکر تباہ شدہ مسافر جیپ تک رسائی حاصل کی گئی،جس کے بعد جاں بحق اور زخمی ہوئے مسافروں کو کھائی سے باہر نکالنے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کئی مسافروں کی موت موقع پر ہی واقع ہوئی جبکہ کئی ایک اسپتال یا اسپتال پہنچائے جانے کے دوران راستے میںدم توڑ بیٹھے۔زخمی مسافروں کو علاج ومعالجہ کیلئے نزدیکی اسپتال داخل کردیا گیا ہے جبکہ قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد دلدوز حادثہ میں جاں بحق ہوئے9افراد کی نعشیں ان کے ورثاء کے حوالے کی گئیں۔