مظفرآباد//حزب کمانڈربرہان وانی کی برسی پر پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں جلسے جلوس اورریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔مظفرآباد میں متحدہ جہاد کونسل کے زیر اہتمام نیلم پل پر ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جس کی قیادت چیئرمین متحدہ جہاد کونسل نے کی۔ شدید گرمی کے باوجود مہاجرین و انصار سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے ریلی میںشرکت کی ۔ ریلی میں شریک عوام ’ صلاح الدین قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں ، برہان تیرے خون سے انقلاب آئے گا ‘کے فلک شگاف نعرے بلند کررہے تھے۔ صلاح الدین کی قیادت میں ریلی برہان وانی کانفرنس میں پہنچے جہاں موجود شرکاء نے متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین کا استقبال کیا۔ برہان وانی کانفرنس میں کشمیری عسکری تنظیموں کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات نے برہان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے کہا ’’ حکومت پاکستان شرعی ، قانونی اور اخلاقی طور پر اس بات کی پابند ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں عسکری تحریک کو ٹھوس مدد فراہم کرے‘‘۔ انہوں نے برہان کو کشمیری قوم کا ہیرو قرار دیکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ دہشتگردکہے یا نریندرمودی ،اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جموں وکشمیر کے عوام عالم انسانیت کے خدمتگار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی حکومت مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرے اور پاکستان اور کشمیرکی آزادی پسند قیادت کی فریقانہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کرے ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور بھارتی قیادت نے جموں کشمیر کی عوام کو استصواب رائے دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ستر برس گزرنے کے باوجود عالمی برادری بھارت سے اپنے ہی قانون پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا’’ بھارت نے ہماری پرامن تحریک کو دبانے کیلئے پوری ریاستی مشینری کا استعمال کیا، فوجی طاقت سے تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش کی ، محمد مقبول بٹ ، محمد افضل گورو کو ناکردہ گناہوں کی پاداش میں تختہ دار پر لٹکایا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ان حالات میں عالمی برادری کی خاموشی جموں کشمیر کے عوام کیلئے بہت ہی تکلیف دہ ہے۔ صلاح الدین کے مطابق برہان مظفر وانی نے پوری کشمیری قوم کو یکجا کر کے آزادی کے نقطہ پر اکٹھاکردیا ہے۔