اوڑی //پولیس نے سرحدی قصبہ اوڑی میں کنٹرول لائن کے آر پار تجارت کے سلسلے میں مظفرآباد سے واپس لوٹ رہے ٹرک سے اسلحہ و گولی بارود برآمد کرکے جنوبی ضلع کولگام سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔منگل کو ایک ٹرک زیر نمبر JK03B/ 1586سلام آباد اوڑی ٹرید سنٹر سے چکوٹی مظفر آباد کیلئے556 کیلوں کے ڈبے لیکر کمان پل عبور کر گیااورچکوٹی ٹریڈ سنٹر پر کیلوں کے ڈبے ان لوڈکئے۔ خالی ٹرک واپس کمان پل عبور کر کے شام دیر گئے بارہمولہ کی طرف جب جا رہا تھا لیکن اسی دوران خفیہ جانکاری کی بنا پرپولیس اور ایس او جی نے اوڑی قصبہ میں ناکہ لگا کر ٹرک کی باریک بینی سے تلاشی لی جس کے دوران ٹرک سے 1پستول،2 پستول میگزین،14پستول کے روانڈ،4 اے کے میگزین،120 اے کے روانڈاور3 گرینیڈ برآمد کئے۔ یہ اسلحہ ٹرک کے ایک ایسے حصے سے برآمد کیا گیا جو خاص طور پر اسلحہ چھپانے کیلئے بنایا گیا تھا ۔پولیس نے ٹرک ڈرائیورارشاد احمد مانتو ولد غلا م رسول ساکن بچرو کولگام کو فوری طور حراست میں لیکر اس سے پوچھ تاچھ کا عمل شروع کردیا۔پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ کو لیکراِس پار کے متعلقہ تاجر کوبھی پوچھ گچھ کے دائرے میں لایا جائے گا۔اس سلسلے میں 7/25آرمز ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق قانون کی دفعہ13کے تحت پولیس اسٹیشن اوڑی میں ایف آئی آر زیر نمبر07/2017 درج کیا گیا ہے اور معاملے کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اس ضمن میں مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔اس واقعہ کے باوجود بدھ کو آر پار تجارت کا سلسلہ جاری رہا۔اوڑی سے35ٹرک مظفر آباد روانہ ہوئے اور ان میں لوڈ80فیصد مال کیلوں پر مشتمل تھا جبکہ سرحد پار سے پانچ ٹرکوں میں سیب اور خشک میوہ بھیجا گیا۔