اوڑی//ظفر اقبال// اوڑی کے راستے کنٹرول لائن کے آر پار جاری تجارت پرایک مرتبہ پھر اُس وقت سوالیہ نشان لگ گیا جب مظفر آباد سے آئے ایک ٹرک سے 66.5کلوگرام براﺅن شوگر برآمد کرکے ٹرک ڈرائیور اور ایک تاجر کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جمعہ کو تجارتی سامان سے بھری گاڑیوں کی آواجاہی کے بعد سلام آباد ٹریڈ سینٹر اوڑی پر مظفر آباد سے آئے ایک ٹرک سے مبینہ طور منشیات کی بھاری مقدار برآمد کی گئی۔ پولیس کے خفیہ شعبے سی آئی ڈی، سیکورٹی ونگ ، کسٹمز اور دیگر ایجنسیوں کے اہلکاروں نے ایک ٹرک زیر نمبرX-8267 کی تلاشی لی جس میںکپڑا لوڈ تھا۔ باریک بینی سے تلاشی لینے کے بعد کپڑے کے ڈبوں سے نشہ آور شئے سے بھرے200گرام وزنی 22پیکٹ برآمد کئے گئے جس کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ منشیات(ممکنہ طور براﺅن شوگر) کوحفاظتی اہلکاروں کی نظروں سے بچانے کےلئے چھوٹے چھوٹے پیکٹوں کی شکل میں کپڑے کے نیچے چھپایا گیا تھا۔ایس ایچ او اوڑی تبریز احمد نے کہا کہ گاڑی کی مزیدتلاشی جاری ہے جبکہ دیگر گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاملے کی بڑے پیمانے پرچھان بین شروع کردی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اس مواد کے نمونے فارنسک جانچ کےلئے ماہرین کے سپرد کئے جارہے ہیں ۔ ٹرک کو اپنی تحویل میں لیکر اس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔اسکی شناخت ےوسف احمد شاہ ولد علی اکبر شاہ ساکن چاروائے چھتر مظفرآباد اور اسکے ساتھ تاجرمصدق احمدمسعودی ساکن پانپور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔