آئین کومزید عوام دوست بنانے کیلئے تجاویزوآرائیں پیش کی گئیں
جموں//پیوپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈراورممبرپارلیمنٹ مظفرحسین بیگ کی قیادت میں پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی کی جانب سے نامزدکی گئی کمیٹی کے ممبران کاایک اجلاس منعقد ہوا ۔اس چھ رکنی کمیٹی جس کے چیئرمین مظفرحسین بیگ ہیں کی تشکیل تنظیم کے آئین کواپ ڈیٹ کرنے کیلئے دی گئی ہے۔اس موقعہ پرمظفربیگ نے پارٹی کے آئین کواپ ڈیٹ کرنے کیلئے کمیٹی کی تشکیل کی ضرورت کاپس منظرپیش کیا۔ بیگ نے پی ڈی پی کوبنیادی سطح پرمستحکم کرنے اورعوام کی توقعات پر پورااُترنے کی ضرور ت پرزوردیا۔ اس موقعہ پر تمام ممبران رفیع احمد میر،نظام الدین بٹ ،سیدبشارت بخاری، ویدمہاجن اور سیداصغرعلی بھی موجودتھے۔نظام الدین بٹ کوسیکریٹری کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ تین گھنٹے کی بحث وتمحیص کے بعد آئین کومزید عوام دوست بنانے اورریاست میں اقتصادی اورسیاسی سرگرمیوں کوعروج بخشنے کیلئے ممبران کی جانب سے پارٹی کے متعددترامیم سے متعلق مشورے اورآراپیش کی گئیں ۔ممبران کی توجہ کامرکز پی ڈی پی کوایک مقبول عام پارٹی بنانے پرمرکوز رہی۔ دریں اثنا ضلع میں محلہ کمیٹیاں اوروارڈ کمیٹیوں کومزیدمستحکم بنانے سے متعلق کچھ تجاویزمنظورکی گئیں۔