مظفرآباد//پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں حریت قیادت کی کال پر احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ہوا۔ مظفرآباد میں بسناڑہ کے مقام پر انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس اور پاسبان حریت جموں کشمیر کے مشترکہ پلیٹ فارم سے احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی گئی۔احتجاجی مظاہرے اور ریلی کے دوران بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے گئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے،جن پر خواتین پر مظالم بند کئے جانے کے مطالبات درج تھے ۔مظاہرے میں وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم مشتاق الاسلام، چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمدغزالی، امتیاز لون، گل زمان تانترے، ملک گل زار شیر خان، محمد اسماعیل خان، عمران خان، محمد الیاس میر، عثمان علی اور صدیق قریشی سمیت سینکڑوں مرد و خواتین اور طالب علموں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسیاں خواتین کے بال کاٹنے کی حرکت تحریک سے توجہ ہٹانے کی ایک سازش ہے تاہم کشمیری عوام اس سے مرعوب ہونے والے نہیں۔مظاہرین نے خواتین کے حقوق پر کام کرنے والی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کا سنجیدہ نوٹس لیا جانا چاہئے۔