مظفرآباد//پاکستانی زیرانتظام کشمیر کی یونیورسٹی کے طالب علموں نے مظفرآباد میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران حکومت ہند پر الزام عائد کیا ہے کہ صوبہ جموں میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ موصولہ بیان کے مطابق انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے طلاب نے سی ایم ایچ چوک تک بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے یونیورسٹی گیٹ سے ریلی کا انعقاد کیا گیاجس سے فورم کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں کے مسلمانوں کے بنیادی حقوق پامال کئے جارہے ہیںاورانسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ جموں کے مسلمانوں کے خلاف ہورہی سازشوں کا نوٹس لیں۔اس موقع پر پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار اور مستقل امن کیلئے اقوام متحدہ کو حق خودارادیت کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہئے۔ مظاہرہ سے جامعہ کشمیر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اکنامکس ڈاکٹر نثار ہمدانی نے بھی خطاب کیا۔