مظفرآباد// چاڈورہ واقعہ میں تین نہتے نوجوانوں کی ہلاکتوں، مظاہرین پرگولیوں اور پیلٹ گن کے استعمال کے خلاف برہان وانی چوک مظفرآباد میں پاسبان حریت کے زیراہتمام احتجاجی جلوس برآمد ہوا۔ احتجاجی مظاہرے سے شیخ عقیل الرحمان نائب امیر جماعت اسلامی، عزیر احمد غزالی چئیرمین پاسبان حریت جموں کشمیر، سینئر حریت رہنما الطاف سلیم وانی، حریت رہنمامشتاق الاسلام، لبریشن فرنٹ کے نمائندہ بشارت نوری، تحریک المجاہدین کے کمانڈر محمد حمزہ،مہاجر رہنمابلال احمد فاروقی، غلام حسین بٹ اور عثمان علی نے خطاب کرتے ہوئے چاڈورہ میںجاں بحق کئے گئے نوجوانوںکے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں نوجوانوں کا قتل عام انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم ہیں۔ مقررین نے کہا کے بھارت تمام تر فوجی طاقت کے باوجود کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نےنوجوانوں کی گرفتاریوں، املاک کی توڑ پھوڑ، سید علی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق، محمد یاسین ملک،شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت کارکنوں کی نظربندیوں کو بھارت کی بوکھلاہٹ سے تعبیر کیا۔