عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// گوریگائوں میں جمعہ کوشروع ہونے والے آئی آئی جے ایس سگنیچرکی نمائش کے موقع پر مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک 5 ٹریلین معیشت بننے والا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ مہاراشٹر بھی ایک ٹریلین ڈالرس کی معیشت بنے۔ اس لئے ہم نے ابھی سے اقدامات شروع کردئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے نوی ممبئی میں جیم جیویلری پارک کے تعلق سے کہاکہ یہ منصوبہ بھی جلد ہی پورا کرلیا جائے گا۔واضح رہے کہ جمعہ سے ممبئی کے گوریگائوں علاقے میں واقع نیسکو میں نمائش کا آغاز ہوگیا ہے۔
جیم ،ڈائمنڈ اور جیویلری کی یہ تجارتی نمائش 5روز تک جاری رہے گی۔ اس میں 60ممالک کی کمپنیوں نے شرکت کی ہے جبکہ ہندوستان کے50سے زائد شہروں کے جویلرس نے اپنی دکانوں کو یہاں سجایا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ فرنویس نے یہاں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ریاستی حکومت معیشت کو بہتر بنانے اور زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں تمام اقدامات کررہی ہے۔ اس لئے مہاراشٹر میں اب سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ انہو ں نے دیگر ریاستوں کے بڑے بڑے جوہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی دکانیں اور زیورات کی تیاری کے یونٹس مہاراشٹر کے شہروں میں لگانے پر غور کریں۔