لاہور/ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان پر پاکستان کے سابق کپتانوں اور کھلاڑیوں نے اسٹار کھلاڑی کو بہترین انداز میں رخصت کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اس ضمن میں چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سے واپسی پر مصباح الحق کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی اور پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان کو بہترین انداز میں رخصت کریں گے ۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیریئر کا اختتام ہو گا۔سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ اگر مصباح سمجھتے ہیں کہ یہ ریتائرمنٹ کیلئے مناسب وقت ہے تو انہیں ضرور ریٹائر ہو جانا چاہیے ۔ ایک کرکٹر میں کھیل کھیلنے کیلئے جذبہ اور فٹنس ہونا ضروری ہے اور اگر وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ان کے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا صحیح وقت ہے تو بہت اچھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کو مصباح کو بہترین طریقے سے رخصت کرنا چاہیے اور جس کسی کو بھی مصباح کے بعد ٹیم کی قیادت سونپی جائے ، ہم سب کو اسے سپورٹ کرنا چاہیے ۔ سابق کرکٹر سکندر بخت نے مصباح کو سراہتے ہوئے کہا کہ مصباح کی طرح پاکستان میں کسی بھی کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، میری خواہش ہے کہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز کے ہر ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کر کے عروج پر ریٹائر ہوں۔ محمد یوسف نے بھی کہا کہ مصباح ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے وہ بہترین انداز میں رخصت کیے جانے کے مستحق ہیں۔ شہریارخان نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر جگہ مصباح الحق کی تعریف ہوتی ہے ۔ پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی بے حد خدمات ہیں اور ان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔یو این آئی