عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ دستکاری اور ہینڈ لوم کشمیر کے کوالٹی کنٹرول ونگ نے جموں و کشمیر پولیس کے تعاون سے سری نگر شہر کے منور آباد علاقے میں مشین سے بنے ہوئے قالینوں کو جعلی طور پر ہاتھ سے بنا کر فروخت کئے جانے کے وسیع مسئلے سے نمٹنے کے لیے کل ایک مہم چلائی۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس آپریشن میں مختلف شو رومز کو نشانہ بنایا گیا جن پر فریب کاری میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔مہم کے دوران، اہلکاروں نے مشین سے بنے کئی قالین قبضے میں لے لئے جنہیں ہاتھ سے تیار کردہ مستند مصنوعات کے طور پر غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا تھا۔ محکمہ نے شوروم مالکان کو اس طرح کے گمراہ کن طریقوں سے باز رہنے کی سخت وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ نے عوام الناس اور بالخصوص سیاحوں پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور خریداری سے پہلے قالین کی صداقت کی تصدیق کریں۔ڈائرکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر نے سیاحتی علاقوں میں دھوکہ دہی کے طریقوں سے متعلق سنگین خدشات کا انکشاف کیا تھا، جس سے آج کی فیصلہ کن کارروائی کا اشارہ ملتا ہے۔ محکمہ نے کہا کہ محکمہ شفافیت کو یقینی بنانے اور روایتی دستکاری کے شعبے کی سالمیت کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔محکمہ ضابطوں کی نگرانی اور ان پر سختی سے عمل درآمد جاری رکھے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کشمیری دستکاری کی صداقت کو برقرار رکھنے اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے مستقبل کی مہموں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔