عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اَکھنور کے مڑھ بلاک کے راج پورہ علاقہ کا دورہ کیا اور جل جیون مشن کے مختلف کاموں کا موقعہ پر جائزہ لیا۔اُنہوںنے یہ دورہ پانی کی فراہمی کے جاری منصوبوں کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے اور جل جیون مشن کے بروقت اور مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے مقصد سے کیا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے دورے کے دوران جل جیون مشن کی عمل آوری میں شامل مقامی اَفسروں، اِنجینئروں اور پانی سمیتی کے ممبروں کے ساتھ سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجوں اور مشن کے مقاصد کو تیز کرنے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اِس موقع پر مشیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر فرد کے لئے پینے کے صاف پانی کی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے اور اِس باوقار مشن کے بہتر عمل آوری کے لئے سرکاری ایجنسیوں اور مقامی کمیونٹیوں کے مابین مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوںنے مختلف پروجیکٹ سائٹس کا سائٹ پر معائینہ کیا، کام کے معیار اور پروجیکٹ کی ٹائم لائنز کی تعمیل کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مشن کے اہداف کے حصول کی رفتار کو برقرار رکھے۔دریں اثنا، مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے جل شکتی محکمہ کے سینئر افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی اور مڑہ بلاک میں جل جیون مشن کے تحت جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں چیئرپرسن بی ڈی سی ، بی ڈی سی کے اراکین، پی آر آئی کے نمائندے، پانی سمیتی کے اراکین، ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی، ایس ڈی ایم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مشیرموصوف نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جل جیون مشن قومی اہمیت کا ایک باوقار منصوبہ ہے جس کا لوگوں کی زندگیوں پربراہ راست اثر پڑتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس مشن کا مقصد تمام گھروں کو فعال گھریلو نل کنکشن سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے جس سے بالخصوص دیہی آبادیوں میں صحت ، حفظان صحت اور مجموعی فلاح و بہبود کو فروغ ملے گا۔اُنہوںنے افسران پر زور دیا کہ وہ علاقے میں اس مشن کے تحت پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی کامیاب عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے خلوص اور تال میل کے ساتھ کام کریں۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے افسران سے یہ بھی کہا کہ وہ پانی سمیتی کی باقاعدگی سے میٹنگیں منعقد کریں تاکہ مشن کی عمل آوری میں کسی بھی رُکاوٹ کو بروقت دور کیا جاسکے۔بعدمیں مشیر موصوف نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بلیال راج پورہ منڈی کا بھی دورہ کیا اور ادارے کا موقعہ پر معائینہ کیا۔معائینے کے دوران اُنہو ںنے سکول منتظمین، فیکلٹی اور طلباء کے ساتھ مل کر تعلیمی ماحول کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اُنہوں نے اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے تدریس کے نئے ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیم میں بہترین کارکردگی کو فروغ دینے اور طلباء کے لئے سازگار سیکھنے کے ماحول کو فروغ دینے پر زور دیا۔مشیرموصوف نے معائینے کے دوران طلباء سے بھی بات چیت کی۔