سرینگر//گورنر این این ووہرا نے اپنے مشیروں بی بی ویاس، کے وجے کمار اور خورشید احمد گنائی کو ازسر نو محکمے تفویض کئے ۔ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی نوٹیفکیشن کے مطابق بی بی ویاس کو جی اے ڈی، پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ مونیٹرنگ، خزانہ، مکانات و شہری ترقی، دیہی ترقی اور پنچائتی راج، پی ڈی ڈی، صنعت و حرفت، امور لداخ، الیکشن، ڈیزاسٹر منیجمنٹ، امداد، باز آباد کاری اور تعمیر نو، قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کے محکمے تفویض کئے گئے ہیں۔مشیر کے۔ وجے کمار کو داخلہ، جنگلات و ماحولیات، صحت و طبی تعلیم، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس، امور قبائل، خاطر تواضح، شہری ہوا بازی، اسٹیٹس، اے آر آئی اینڈ ٹریننگز، اطلاعات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، محنت و روز گار، سائنس و ٹیکنالوجی، خوراک،شہری رسدات اور امور صارفین محکموں کا چارج دیا گیا ہے۔مشیر خورشید احمد گنائی کو سکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم، ٹرانسپورٹ، تعمیرات عامہ، صحت عامہ اور آبپاشی و فلڈ کنٹرول، مال، حج و اوقاف، تکنیکی تعلیم، زرعی پیداوار، باغبانی، پھولبانی، پشو و بھیڑ پالن، امداد باہمی، سیاحت، تمدن اور سماجی بہبود محکموں کا چارج تفویض کیا گیا ہے۔ادھرحکومت نے انتظامی سیکرٹریوں سے کہا ہے کہ جمعہ4 بجے تک منصوبے پیش کریں تا کہ انہیں ریاستی انتظامی کونسل کی اگلی میٹنگ میں رکھا جاسکے۔انتظامی سیکرٹریوں سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ ہر ایک منصوبے کے ساتھ ڈرافٹ پریس ریلیز بھی رکھیں۔اس حوالے سے آج کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی کی طرف سے ایک حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔