دہلی// عدالتی کارروائی کے بعد جمعیۃعلماء ہندمولانا ارشد مدنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی ماضی میں چھ سات مرتبہ عدالت کے باہر معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی جاچکی ہے لیکن ہر بار یہ کوشش نا کام ہوئی کیونکہ بابری مسجد کامعاملہ حق اور ملکیت کا معاملہ ہے جس سے مسلمان مذہبی حیثیت سے کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہوسکتا اور اس معاملے میں سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کریگی وہ قابل قبول ہوگا۔مولانا ارشد مدنی نے سپریم کورٹ آف انڈیا کے مشورہ کااحترام کرتے ہوئے کہا کہ وزراء اعظم راجیو گاندھی ، اٹل بہاری واجپائی، نرسمہا رائو وغیرہ کے زمانے میں ایسی کوششیں کی جاچکی ہیں لیکن سب ناکام ہوئی ہیں لہذا عدالت کو ثبوت و شواہد کی روشنی میں حتمی فیصلہ کرنا چاہئے ۔