عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حکومت جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لئے فلیگ شپ کاروباری اقدام مشن یووا کی پیش رفت کا اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ سول سیکرٹریٹ سرینگر میںنائب وزیراعلیٰ سریندرکمار چودھری کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ مشن ڈائریکٹر نے مشن یووا کی مجموعی پیش رفت پر ایک مفصل رِپورٹ پیش کی جس میں عوامی رَسائی، ادارہ جاتی شراکت داری اور تمام اَضلاع میں مالی معاونت کی صورتحال کا خاکہ پیش کیا۔انہوں نے جانکاری دی کہ مشن یووا چار ستونوں پر ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں ثقافت(کلچر)، سرمایہ(کیپٹل)، صلاحیت سازی(کپیسٹی بلڈنگ اور روابط(کنکٹویٹی) شامل ہے اور اِس کے تحت جموں و کشمیر بھر میں 1.37 لاکھ نئے کاروبار اور 4.25 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کئے جانے کا ہدف ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے اب تک کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے مشن یووا کی عمل آوری کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اہم ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ جے کے بینک کے ساتھ ساتھ تمام قومی بینکوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت دی تاکہ خواہشمند کاروباریوں کو قرضوں تک وسیع رَسائی حاصل ہو۔نائب وزیراعلیٰ نے مشن یووا سکیموں کے تحت مراعات اور مالی مدد کو بڑھانے کی تجویز دی تاکہ کاروبار کو ایک پُرکشش اور دیرپامتبادل بنایا جا سکے۔انہوں نے جے اینڈ کے اَنٹرپرینیور شپ ڈیولپمنٹ اِنٹی چیوٹ (جے کے اِی ڈِی آئی )کو تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹس ( ڈِی پی آرز) کی تیاری میں شامل کرنے کی ہدایت دی تاکہ پروجیکٹوں کے معیار اور عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ زمین سے محروم نوجوانوں کو کاروبار کے قیام کے لئے زمین کی فراہمی یقینی بنانے کی بالخصوص حکومتی سکیموں کے تحت بات کی ۔ نئے کاروباری تصورات اور سٹارٹ اَپ ماحول کے فروغ کے لئے کراس سیکٹورل بزنس سپورٹ سسٹم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے بروقت معاونت، عوامی بیداری مہمات اور سکلنگ و ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے ساتھ ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ نوجوانوں کی قیادت میں ترقی کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے مشن یووا کے وژن کو زمینی سطح پر حقیقت میں بدلنے کے لئے تمام محکموں اور اِداروں کے درمیان بہتر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، سیکرٹری محکمہ سکل ڈیولپمنٹ راجیو رنجن (بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ )، سیکرٹری آئی ٹی پیو ش سنگلا، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ و مشن ڈائریکٹر مشن یووا شہزاد عالم، ڈائریکٹر جے کے اِی ڈِی آئی خالد جہانگیر، ڈائریکٹر فائنانس لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ امتیاز احمد وانی، ایڈیشنل سیکرٹری شاہد محمود اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔