عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلع ریاسی میں ضلع انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر کی مشترکہ کاوش سے مشن یواکے تحت ایک روزہ ’ممکنہ انٹرپرینیور شپ میلہ‘ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں خود روزگاری اور کاروباری رجحان کو فروغ دینا تھا۔تقریب کے آغاز پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ انی وید نے مشن یواکا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو حکومتی سہولیات سے جوڑنا، کاروباری مواقع فراہم کرنا اور پائیدار روزگار کی راہیں ہموار کرنا ہے۔میلے میں مختلف محکموں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے معلوماتی سٹال لگائے گئے جہاں نوجوانوں کو خود روزگاری، ہنر مندی، اسکیموں اور قرضہ جات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی رہنمائی دی گئی۔اے ڈی ڈی سی سکھی دیو سنگھ سمیال نے سٹالز کا معائنہ کیا اور افسران سے بات چیت کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کس حد تک سبسڈی اسکیموں اور قرض منظوری سے متعلق معلومات نوجوانوں تک پہنچ رہی ہیں۔اس موقع پر ضلع کے کامیاب انٹرپرینیورز نے اپنی کامیابی کی داستانیں سنائیں، جنہوں نے حکومتی اسکیموں کا فائدہ اٹھا کر خود کو خود کفیل بنایا۔ ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔اپنے خطاب میں اے ڈی ڈی سی نے کہا کہ مشن یوا حکومت کا ایک انقلابی قدم ہے جو نچلی سطح پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ مشن یوا ایپ ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ مکمل معلومات حاصل کر سکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ رجسٹریشن کے 15 دن کے اندر درخواست دہندہ کی تصدیق کی جائے گی۔میلہ میں مشن یوا کی بنیادی سروے میں شناخت شدہ نوجوانوں، یووا دوتس، مقامی نوجوانوں، افسران اور بینک نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔