سرینگر//سابق مرکزی وزیر خارجہ یشونت سنہا اپنے ساتھیوں سمیت مشن کشمیر کے دوسرے مرحلے پرآج وادی وارد ہونگے جس کے دوران ممکنہ طور پر مزاحمتی خیمے کے علاوہ دیگر سیاسی، مذہبی رہنمائوں کے علاوہ سیول سائٹی سے بھی تبادلہ خیال کرینگے۔ وادی میں جاریہ ایجی ٹیشن کے بیچ مزاحمتی لیڈروں سے ملاقی ہونے کے ٹھیک45روز بعد ایک مرتبہ پھر سابق وزیر اعظم ہند اٹل بہاری واجپائی کے دور اقتدار میں مرکزی وزیر خارجہ کا قلمدان سنبھالنے والے یشونت سنہا اپنے دیگر ساتھیوں بشمول سابق انفارمیشن کمشنر وجاہت حبیب اللہ ، سابق ائر مارشل کپل کاک ، مرکز برائے مذاکرات و مفاہمت نئی دہلی کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سوشابا بھاروے اور سینئر صحافی بھارت بھوشن کے ہمراہ سنیچر کو امکانی طور پر وادی پہنچیں گے اور5روز تک یہاں قیام کرینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار مذکورہ ڈیلی گیشن اپنے مشن کشمیر دورے کے دوران میٹنگوں اور ملاقاتوں کو مزید وسعت دے گا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں سے ملاقی ہوگا۔