عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
غزہ //گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوںمیں غزہ میں 70 فلسطینی، شام میں 3 شہری جب کہ بیروت میں 40 لبنانی ہوگئے۔اسرائیل نے اپنی بری فوج لبنان کے جنوبی علاقے میں داخل کردیں جنھیں حزب اللہ کے جنگجووں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔گزشتہ روز ایک دوبدو جھڑپ میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 10 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔اسرائیل فورسز نے رات گئے خان یونس کے متعدد علاقوں اور غزہ میں یتیم خانے، اسکول میں پناہ لینے والے بے گھر افراد پر حملے کیے جس کے نتیجے میں 65 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں فضائی حملوں کے علاوہ غزہ کے جنوب میں خان یونس کے علاقوں میں بھی پیش قدمی کی جہاں اسرائیلی ٹینک دیکھے گئے۔اسرائیلی ٹینکوں نے مشرقی اور وسطی خان یونس کے متعدد علاقوں پر حملے کیے جس سے کم از کم 40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً ایک سال مکمل ہونے کے باوجود اسرائیل کے غزہ میں حملے جاری ہیں اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 41 ہزار 689 افرادہلاک ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ سے لڑائی میں 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیوں کے دوران حزب اللہ سے جھڑپوں میں 8 فوجی مارے گئے۔اس دوران دمشق کے مغربی مازح ویسٹر ولا علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے مرحوم رہنما سید حسن نصر اللہ کے داماد حسن جعفر قاصر سمیت دو لبنانی شہری مارے گئے ۔اس دوران اسرائیلی ڈرون حملے نے جمعرات کی علی الصبح شام کے ساحلی شہر جبلہ میں ایک اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا اور تباہ کر دیا۔ادھراسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ایک فضائی حملے میں غزہ کے عملاً وزیراعظم راحی مشتاحہ اپنے دو وزرا سمیت مارے گئے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے انٹیلی جنس بنیادوں پر حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں غزہ میں ایک سرنگ کو نشانہ بنایا جس میں یہ چھپے ہوئے تھے۔اسرائیلی فوج کے بقول درست ترین انٹیلی جنس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایک مضبوط اور اسلحہ سے لیس زیر زمین کمپاؤنڈ میں قائم کمانڈ اور کنٹرول سینٹر میں یہ تینوں موجود ہیں۔حملے میں جاں بحق ہونے والے راحی مشتاحہ غزہ کے عملاً وزیراعظم اور حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کے نہایت قابل اعتماد ساتھی بھی تھے اور دونوں نے اسرائیلی جیل میں کڑی قید بھی ساتھ کاٹی تھی۔راحی مشتاحہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ کے طور پر بھی سرگرم تھے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ راحی مشتاحہ کے ہمراہ مارے گئے دیگر دو اعلیٰ عہدیداروں میں حماس کے وزیر دفاع سمیح السراج اور ان کے نائب سامی عودیہ شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سمیع السراج کے پاس حماس کے سیاسی بیورو کے سیکیورٹی کا قلمدان تھا جب کہ سامی عودح کے پاس حماس کی جنرل سیکورٹی کی حکمت عملی کے ذمہ دار تھے۔
زمینی لڑائی میں 8اسرائیلی فوجی ہلاک
یو این آئی
یروشلم// جنوبی لبنان میں زمینی لڑائی میں آٹھ اسرائیلی فوجی مارے گئے ۔ایران کی جانب سے اسرائیل پر 180 سے زائد میزائل داغے جانے کے ایک دن بعد، اسرائیل کا یہ بیان کل سامنے آیا ہے ۔ اسرائیلی فوج کے حوالے سے جمعرات کو بتایا کہ باقاعدہ پیدل فوج اور بکتر بند یونٹس بدھ کو لبنان میں اس کے زمینی آپریشن میں شامل ہوگئیں۔حزب اللہ نے کہا کہ اس کے جنگجوؤں کی لبنان کے اندر اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔حزب اللہ نے کہا کہ اس نے سرحدی شہر مارون الراس کے قریب تین اسرائیلی مرکاوا ٹینکوں کو راکٹوں سے تباہ کر دیا۔اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک تعزیتی ویڈیو میں کہا کہ ہماری جدوجہد اب ایران کے ساتھ بھی ہے جو ہمیں تباہ کرنا چاہتا ہے ۔