اسلام آباد//آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف الیکشن 2018 میں 4 حلقوں سے حصہ لیں گے، جس کے لیے انہوں نے چترال، کراچی، لیہ اور گوادر سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔ڈاکٹر امجد نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں این اے 52 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ جب سابق صدر پاکستان واپس آنا چاہ رہے ہیں تو ایسے میں ان کی سفری دستاویزات بلاک کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، نادرا نے پرویز مشرف کا پاسپورٹ بلاک کر کے ان کا سفر نا ممکن بنا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالت ان کو واپس آنے کا کہہ رہی ہے تو ادارے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نا ممکن بنا رہے ہیں، انہیں وطن واپس آنے سے روکا جا رہا ہے، اگر پرویز مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بحال نہ کیا گیا تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف 4 حلقوں سے الیکشن 2018 میں حصہ لیں گے اور چترال، کراچی، لیہ اور گوادر سے ان کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے گئے ہیں۔گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت میں سابق صدر کو بلاتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی بھی وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔