جموں//سانبہ کے قریب پیش آئے حادثہ پر مشتعل لوگوں کی طرف سے کئے گئے حملہ میںممبر اسمبلی سانبہ زخمی ہو گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ شمشان گھاٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ممبر اسمبلی ڈاکٹر دیویندر کمار منیال ایک مہلوک کے گھر پر تعزیت پرسی کے لئے گئے ہوئے تھے۔ بھاری تعداد میں لوگ شمشان گھاٹ کے قریب جمع ہو گئے جو کہ ایم ایل اے موصوف سے اس لئے خفاتھے کہ وہ ان کے2گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاج میں شامل نہ ہوئے جس میںسینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے قریب 2گھنٹے تک مصروف جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر دھرنا دیا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جوں ہی ایم ایل اے کا قافلہ نزدیک آیا لوگوں نے اس پر پتھراﺅ شروع کر دیا جس سے ان کی سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور ایم ایل اے کو بھی چوٹیں آئیں۔ تاہم ذاتی محافظوں نے ایم ایل اے کو ہجوم کے نرغے سے نکال لیا اور ایمر جنسی ہسپتال سانبہ میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں جے ایم سی منتقل کر دیا گیا ۔