سرینگر//حکومت کی طرف سے آر پار تجارت میں متفقہ اشیاء کی فہرست میں4چیزوں پر پابندی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز نے اس فیصلے کوحیران کن قرار دیا۔ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پستہ،سیب،انار دانہ اور چار مغز ،متفق21اشیاء میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ آر پار تجارت کو معنی خیز بنانے اور اس میں توسیع کیلئے جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز جہاں اس فہرست میں مزید ایسی اشیاء کو شامل کرنے کی وکالت کر رہی ہے،جن کی خریداری بڑے پیمانے پر ہو،تاہم حکومت اس نظام کے تحت پہلے سے طے شدہ متفقہ فہرست میں شامل اشیاء پر پابندی عائد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے تاجروں کو پشت بہ دیوار کیا جا رہا ہے،اور انہیں تجارت بند کرنے پر دبائو ڈالا جا رہا ہے۔ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز نے تجارتی سہولیاتی افسر کو ہٹانے اور ان چیزوں پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا۔اس دوران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ نے تجارت سے متعلق معاملات جوائنٹ سیکریٹری داخلہ گنیش کمارکے ساتھ نئی دہلی میں26 فروری کو منعقدہ میٹنگ کے دوران اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ جوائنٹ سیکریٹری نے یقین دہانی کرائی کہ یہ معاملات سلجھائے جائے گے۔انہوںنے آر پار تاجروں سے درخواست کی،کہ کچھ وقت تک وہ اپنی ہڑتال موخر کریں،کیونکہ متعلقہ افسر نے یقین دہانی کرائی ہے،کہ وہ ضروری اقدامات کریں گے۔