سرینگر/سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل علیحدگی پسندوں کے وفاق مشترکہ مزاحمتی قیادت نے سنیچر کو عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 10 دسمبر بروزسوموار مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کرکے اس دن کو 'یوم سیاہ'کے طور پر مناکر عالمی برادری اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں کو جموں وکشمیر کے عوام پر بقول اُنکے ڈھائے جارہے مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کی طرف توجہ دلائیں۔
قائدین نے بشری حقوق کے عالمی اداروں بشمول اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کمیشن ،ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشین واچ اور آئی سی آر سی،اور دیگر حقوق البشر کی مستند تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی بقول اُنکے انسانی حقوق کے حوالے سے ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بھارت پر دبا ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کیخلاف جاری ظلم و تشدد اور مار دھاڑ سے عبارت کارروائیوں پر روک لگا ئے۔
مشترکہ مزاحمتی قائدین گیلانی ،میرواعظ اور ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں حقوق انسانی کے عالمی دن کے موقعہ پر بشری حقوق کے عالمی اداروں اور مہذب اقوام سے جموں وکشمیر میں فورسز اور حکمرانوں کی بقول اُنکے عوام کش اور بے رحم پالیسیوں کے نتیجے میں گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری حقوق انسانی کی سنگین پامالیوں کا سنجیدہ نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 دسمبر کو پوری دنیا میں حقوق بشر کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے اور پوری دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ ، انسانی زندگیوں کے احترام اور حفاظت کی بات کی جاتی ہے اور حقوق انسانی کے تحفظ کی ضرورت اور اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ .
انہوں نے کہا کہ جہاں تک جموں وکشمیرکا تعلق ہے یہاں کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے انتہائی بدترین اور تکلیف دہ صورتحال سے دوچار ہیں، یہاں کے عوام کے جملہ سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق طاقت کے بل پر سلب کر لئے گئے ہیں ، دنیا کا سب سے بڑا فوجی جما ئو والاخطہ ہونے کے ساتھ ساتھ حقوق انسانی کی بدترین پامالیوں کے ذریعہ یہاں کے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے ۔ قتل و غارت ، مار دھاڑ، گرفتاریاں ، بندشیں ، قدغنیں، ہراسانیاں یہاں روز کا معمول ہیں۔