عظمیٰ نیوزسروس
ڈوڈہ//سیکورٹی فورسز نے جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے ایک دور دراز گاؤں میں تین مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد تلاشی مہم شروع کی ہے۔ڈوڈہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ مہتا نے بتایا کہ یہ آپریشن جمعہ کی شام ٹھاٹھری کے بھلارا علاقے میں شروع کیا گیا تھا اور یہ جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ پولیس نے فوج کی مدد سے گاؤں اور ملحقہ جنگلات کے ایک وسیع علاقے کو گھیرے میں لے لیا، تاہم اب تک مشتبہ دہشت گردوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔عام آدمی پارٹی کے ریاستی صدر اور مقامی ایم ایل اے معراج ملک کی پیر کو سخت پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیے جانے کے بعد ڈوڈہ میں حالات کشیدہ رہے۔ضلع سخت حفاظتی لاک ڈاؤن کے تحت ہے، حکام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔