سرینگر/یو این آئی/جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے آئی جی کشمیر وی کے بردی اور دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ منگل کو امرناتھ یاترا کے بالہ تل راستے پر قائم سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔پولیس سربراہ نے سب سے پہلے بال تل میں موجود یاتریوں کے کیمپ، داخلی راستوں، اسکریننگ پوائنٹس، اور ٹریفک کنٹرول مراکز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تعینات فورسز سے بات چیت کرتے ہوئے موجودہ سیکورٹی گرڈ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ تمام اہلکار چوکس رہیں، خاص طور پر یاتریوں کی آمد و رفت کے اوقات میں۔نلین پربھات نے بعد ازاں شادی پورہ اور منی گام کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کیمپ سائٹس، ریسپانس یونٹس، سی سی ٹی وی نگرانی نظام اور انٹیلی جنس کی سطح پر ہونے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ مشتبہ حرکات پر کڑی نظر رکھی جائے اور عوام کے ساتھ بہتر رابطہ قائم رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی بروقت روکتھام کی جا سکے۔ڈی جی پی نے کہا کہ یاترا کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پولیس، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور فوج کے درمیان قریبی رابطہ اور تال میل ازحد ضروری ہے۔واضح رہے کہ سالانہ امرناتھ یاترا عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد یاتری گپھا میں واقع برف سے بنے شیو لنگم کے درشن کر چکے ہیں۔ ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند اس یاترا میں حصہ لینے کے لیے جموں و کشمیر کا رخ کر رہے ہیں۔انتظامیہ نے یاتریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں، جن میں زمینی اور فضائی نگرانی، ڈرونز کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمرے، چیک پوائنٹس اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں شامل ہیں۔سیکورٹی ایجنسیوں بشمول پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور دیگر نیم فوجی دستے پوری مستعدی سے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں تاکہ یاترا پر کوئی آنچ نہ آئے اور ہر یاتری بغیر کسی خوف کے اپنے مذہبی فریضے کو ادا کر سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات، لنگر انتظامات، قیام و طعام کی سہولیات اور ٹریفک مینجمنٹ کو بھی بہتر بنایا گیا ہے تاکہ یاتریوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔