سرینگر //لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے جملہ مذہبی جماعتوںسے وابستہ اداروں،علمائے کرام،مولوی صاحبان، واعظین اور دار العلوم کے ذمہ داراں کو آپس میں مسلک و مشرب کے نام پر نفرتوں کا پرچار کرنے سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ملک نے کہا کہ کچھ عرصے سے ہمارے کچھ واعظین اور مولوی صاحبان اپنے مخالف علماء اور مسالک کے خلاف نفرت آمیز تقاریر اور بیانات دے رہے ہیں اور مساجد، معابد، مدرسوں اور خاص طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیزی کو عام کیا جارہا ہے۔یہ واعظین اور مولوی اعتدالیت اور شرافت کے سارے اوصاف و اصول ترک کرتے ہوئے اپنے مخالفین اور مخالف مسالک کے خلاف گالیاں اور بری باتیںکرنے تک سے عار نہیں کرتے ۔انہوں نے کہاکہ سبھی مذہبی ودینی جماعتوں اور اداروں جن میں اہل سنت والجماعت، اہل حدیث،بریلوی،دیوبندی،شیعہ،جماعت اسلامی ،تبلیغی جماعت و دوسرے لوگ قابل ذکر ہیں‘سے اپنے لوگوں کو اس نفرت کے پھیلائو سے باز رہنے اور خود بھی اس نفرت انگیزی کو روکنے کیلئے میدان میں آنے کی اپیل کرتے ہوئے ملک نے کہا کہ یہ ہماری ملی اوردینی ذمہ داری ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو بچائے رکھنے کیلئے آگے آئیں۔نفرت پھیلانے کے کام میں لگے ہوئے مولوی صاحبان اور واعظین کو خبر دار کرتے ہوئے ملک نے کہا کہ ان لوگوں کو فی الفور اپنے اس مجرمانہ عمل سے باز آجانا چاہئے کیونکہ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو ہم قوم و ملت کوان کا مکمل بائیکاٹ کرنے کیلئے کہنے پر مجبور ہوجائیں گے اور انہیں قوم و ملت کے غیض و غضب کا نشانہ بننا پڑے گا۔