عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // خطہ پیر پنچال کی مشہور و معروف عصری درس گاہ مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی نے سابق ڈی ڈی سی ممبر و ایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ شاہدرہ شریف عبدالقیوم میر کی صدارت میں نہایت ہی جوش و جذبے کے ساتھ اپنا 49واں یوم تاسیس منایا۔اس سلسلہ میں سکول میں ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ادارہ کے سرپرست خورشید بسمل نے اپنے منفرد انداز میں اسکول کی اہم کارکردگی کا جائزہ پیش کیا ساتھ ہی انھوں نے خطبہ استقبالیہ اور سکول کی کارکردگیوں کا خاکہ بھی پیش کیا۔ انھوں نے گزشتہ 48 سالوں میں اس ادارے کے ہزاروں فارغین کا تذکرہ بھی کیا جو آج زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بسمل نے طلباء سے کہا کہ وہ نشہ مکت بھارت ابھیان کا حصہ بنیں اور اس کا قلع قمع کرنے کے لئے اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ تمام بچے گھریلو کام کاج میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے سماج کو سدھارنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اس کے بعد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ پروگرام کے دوران سکولی بچوں کی طرف سے رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کیا گیا۔ بارھویں جماعت کی طالبہ مہک فاطمہ میر اور حسنین سعید رینہ نے ’’اچھے اخلاق‘‘کے عنوان پر خوبصورت تقاریر پیش کیں،جنہیں بے حد پسند کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر خورشید رینہ و ممبراسمبلی مظفر اقبال خان نے اپنے اپنے خطاب میں سکول انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نامساعد حالات میں بھی خورشید بسمل نے بچّوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے جو معیاری پلیٹ فارم فراہم کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ معزز مہمانوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں تعلیم کی اہمیت و افادیت پر بھی بات کی۔ انھوں نے اْساتذہ اور طلباء سے کہا کہ وہ محنت شاقہ سے کام کریں۔ ان کے علاوہ بھی کئی مقررین نے سکول کی گزشتہ 48 سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے سکول انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔اس موقعہ پر تدریسی اور غیر تدریسی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو معزز مہمانوں کے ہاتھوں انعامات اور مومینٹو سے بھی نوزا گیا۔ بارھویں جماعت کے طالب علم زاہد خان کو اس سال کا بہترین طالب علم کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ اس سال کا محمد دین بانڈے میموریل ایوارڈ پونچھ کے مشہور و معروف ریڈیو اناؤنسر پردیپ کھنا کو دیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر خورشید رینہ، ایم ایل اے مظفر اقبال خان، ڈی ڈی سی ممبر تھنہ منڈی عبدالقیوم میر، پونچھ کے مشہور و معروف اناؤنسر پردیپ کھنا، محمد اقبال شال، نیاز احمد باندے، کہ اے ایس کوالیفائیڈ دانیال گنائی، ریٹائرڈ پرنسپل عبدالرؤف ڈار، مفتی ریاض ڈار، نذیر احمد گنائی، مولانا عابد رحمانی، کونسلر الحاج محمد اقبال رینہ، بشیر احمد وانی، پروفیسر محمد اقبال رینہ، الحاج ممتاز احمد خان، ڈاکٹر بشیر احمد میر، لیکچرر الطاف احمد ڈار، سیاسی لیڈر عبدالغنی شال، مشتاق احمد شال، کے علاوہ علاقہ بھر سے دینی سیاسی اور سماجی شخصیات، اسکول کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ساتھ پریس کونسل تھنہ منڈی کے نائب صدر نثار خان، راحیل گنائی، جہانگیر خان، سید آفاق شاہ، شارک گنائی اور میڈم عظمیٰ یاسمین نے بھی اس اہم تقریب میں شرکت کی۔صدر محفل عبدالقیوم میر نے اپنے صدارتی خطبے میں سکول انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کو معیاری اور جدید تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس جدید دور میں تعلیمی میدان کے علاوہ زندگی کے باقی شعبہ جات میں بھی شرکت کر کے اپنے والدین کا نام روشن کریں۔ انھوں نے اسکول انتظامیہ اور بچوں کی شاندار کارکردگی پر انھیں دلی مبارکباد پیش کی۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض میڈم نصرت خورشید رینہ نے انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دئیے۔