عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// خطہ پیر پنچال کی قدیم عصری درسگاہ مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی میں شب معراج کی مناسبت سے ایک پروقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب ادارے کے کارگزار پرنسپل خورشید نائک کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ادارے کے سینئر طلباء نے نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کر کے روحانی ماحول کو مزید خوشگوار بنایا۔ اس موقع پر ادارے کے سینئر اساتذہ، حافظ اشرف محمود اور حافظ محمد آزاد نے شب معراج کی عظمت اور اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کی گفتگو نے حاضرین کو اس مقدس رات کے دینی اور روحانی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ انعامات کی تقسیم کا مقصد بچوں کو تعلیمی اور دیگر سرگرمیوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دینا تھا۔اختتامی خطاب میں پرنسپل خورشید نائک نے تمام اساتذہ، طلباء اور والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پروگرام کو کامیاب بنانے پر ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تعلیم کے ساتھ دینی اقدار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس روحانی تقریب کے اختتام پر بڈھال راجوری کے متاثرین سمیت جموں کشمیر اور امت مسلمہ کی خوشحالی، ترقی اور امن کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ یہ تقریب طلباء ، اساتذہ اور والدین کے لئے نہ صرف تعلیمی بلکہ روحانی لحاظ سے بھی ایک یادگار موقع ثابت ہوئی۔