عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی کے 49ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے ادارہ میں زیر تعلیم نویں اور دسویں جماعت کے طلبا کے مابین ایک دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا۔ اس مقابلہ میں پہلے کھیلتے ہوئے دسویں جماعت کے کھلاڑیوں نے 8 اوروں میں 92 رن بنائے۔ وقفہ کے بعد نویں جماعت کے کھلاڑیوں نے تیزی سے کھیلنا شروع کیا تاہم وقفے وقفے سے ان کی وکٹیں گرتی رہیں جس کے نتیجے میں ان کی ٹیم مقررہ 8 اوروں میں صرف 72 رنز اسکور کر سکی۔ اس طرح دسویں جماعت کے کھلاڑیوں نے یہ میچ 20 رنز سے جیت لیا۔ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی آرش مغل نمایاں اسکورر رہے انھوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 51 رنز بنائے جبکہ انھوں نے ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ یاد رہے کہ یہ دوستانہ میچ خطہ پیر پنچال کی قدیم عصری درس گاہ مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی کے 49ویں یوم تاسیس کی تیاریوں کا ایک حصہ ہیں۔ یہ میچ ادارہ کے پرنسپل خورشید نائک اور پروگرام انچارج نصرت خورشید رینہ کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا۔ اسکول کے پرنسپل خورشید نائک نے بچوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں ہار جیت سے زیادہ شرکت کی اہمیت ہوتی ہے کیونکہ یہ ٹیم ورک نظم و ضبط اور رابطوں کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔ میچ کی کمنٹری بارھویں جماعت کے فعال طالب علم روحان شال نے کی۔اسپورٹس ٹیچر محمد رفیع خان نے میچ کو منظم کیا۔ میچ میں مسٹر زاہد اور مسٹر منور دت تھے جبکہ بلال شیخ اور انیز خان نے اسکورنگ کی ذمہ داری نبھائی اس طرح یہ شاندار میچ اختتام پذیر ہوا۔