سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ عالمی برادری دبے کچلے لوگوں،بالخصوص مسلمانوں کو انصاف دلانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے یوروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دیکر پوری دنیا میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کردئے ہیں۔تاہم انہوں نے کہا ہے کہ انکی پارٹی حقوق انسانی کے عالمی دن کے موقعہ پر سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کرکے عالمی برادری کو اپنی بھولی ہوئی ذمہ داریاں یاد دلانے کی کوشش کرے گی۔سرینگر میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ امریکی عوام کو موقعہ کی نزاکت سمجھتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کو ابہام پیدا کرنے اور مختلف طبقات کے درمیان نفرت پیدا کرنے والے فیصلے لینے سے روکنا چاہئے۔انجینئر رشید نے مزید کہا کہ ایک طرف عالمی طاقتیں پوری عرب خطے میں شرمناک کھیل کھیلتے ہوئے جنگ و جدل کا ماحول بنائے ہوئے ہے اور دوسری جانب امریکہ نے اب باضابطہ طور یوروشلم کو اسرائیلی دار احکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ لیکر پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھیلا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ یہ اقدام پوری دنیا میں امن چاہنے والوں کو رنجیدہ و متزلزل کرچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی ہرسال کی طرح امسال بھی 10دسمبر سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کرکے عالمی برادری کو جھنجوڑ کر اسی توجہ کشمیریوں کی حالت زار کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کرے گی۔