جموں//روایتی ہندومسلم اتحاد اورآپسی بھائی چارے کی مثال گذشتہ روزاُس وقت دیکھنے کوملی جب جموں کے مسلمانوں نے مشہورچاولوں ’پڈنگ‘ سے بنی کھیر امرناتھ یاتریوں کو پیش کی۔نگروٹہ اسمبلی حلقہ سے پچھلے اسمبلی انتخابات میںپی ڈی پی کے امیدوار چوہدری حسین علی وفااوردیگرپی ڈی پی کارکنان نے جموں۔پٹھانکوٹ ہائی وے پرکنجوانی کے نزدیک لنگرکے مقام پرامرناتھ یاتریوں کاوالہانہ استقبال کیا۔ گوجربکروال طبقہ کے لوگوں نے امرناتھ یاتریوں کیلئے قریب 6-7کونٹل دودھ جمع کرکے معروف چاولوں کی قسم ’پڈنگ ‘سے کھیرتیارکی ۔ گوجربکروال طبقہ کے کچھ معروف لوگوں نے چاول، کھانڈاور ڈرائی فروٹ جمع کرکے یہ کھیرپکائی جس کامقصد آپسی بھائی چارے کوفروغ دیناہے۔ گوجربکروال طبقہ کے لوگوں نے رضاکارانہ طورپر اپنادودھ کھیرتیارکرنے کیلئے عطیہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ دنوں میں ہم امرناتھ یاتریوں کوچائے پیش کریں گے۔ یاتریوں نے مسلمانوں کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ جومیڈیا جموں وکشمیرسے متعلق بتاتاہے اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔اُترپردیش سے تعلق رکھنے والے ایک یاتری پرویندرچودھری نے کہاکہ ہم نے اکثراخبارات میں پڑھاہے کہ جموں کشمیرڈسٹربڈ ریاست ہے لیکن ایسانہیں ہے یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں اورہم جموں کے مسلمانوں کاشکریہ اداکرتے ہیں ۔