عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی اور میدانی علاقوں میں گزشتہ تین روز سے جاری لگاتار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ بارشوں کے سبب سڑک، بجلی، پانی اور موصلاتی نظام درہم برہم ہو چکا ہے جبکہ عوام کی روزمرہ زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔بدھ کے روز بھی ضلع بھر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں کئی اہم سڑک رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔ کشتواڑ۔بٹوت قومی شاہراہ بند پڑی ہے جبکہ مرگن۔سنتھن۔اننت ناگ قومی شاہراہ پر بھی آمد و رفت تین روز سے متاثر ہے۔ اسی طرح سب ڈویژن پاڈر، چھاترو اور مڑواہ میں اندرونی سڑکیں بھی بند ہیں، جنہیں موسم میں بہتری کے بعد ہی بحال کیا جا سکے گا۔درابشالہ کے سروڑ علاقے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی کے منہدم ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ضلع بھر میں پانی کا نظام بھی دوسرے روز مکمل طور پر مفلوج رہا، جس سے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی سنگین قلت پیدا ہو گئی ہے۔ کئی مقامات پر پائپ لائن ٹوٹ چکی ہے اور بحالی کا کام جاری ہے۔ضلع بھر میں سوموار کی شام سے بجلی سپلائی بند ہے اور کشتواڑ گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ حکام کے مطابق بجلی بحالی میں مزید ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں۔ بجلی کی عدم دستیابی نے طلبہ اور مریضوں کو سخت مشکلات میں ڈال دیا ہے۔موصلاتی نظام بھی بارشوں کے دوران بری طرح متاثر ہوا۔ منگل کی دوپہر سے مکمل طور پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اگرچہ بدھ کی شام کو جیو کا نظام جزوی طور پر بحال کیا گیا لیکن ایئرٹیل اب بھی بند ہے، جس سے عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔انتظامیہ نے صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہیلپ لائن نمبرات جاری کیے ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی یا ضرورت کی صورت میں ان پر رابطہ کریں۔