وزیر اعظم کی راجناتھ، ڈوول اور 3سروسز چیفس کیساتھ مشاورت
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو زور دے کر کہا کہ مسلح افواج کو پہلگام دہشت گردانہ حملے پر ہندوستان کے ردعمل کیلئے، اہداف اور وقت کے بارے میں فیصلہ کرنے کی “مکمل آپریشنل آزادی” ہے۔ اعلیٰ دفاعی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران وزیر اعظم نے یہ بات کی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اعلی سطحی میٹنگ کے دوران، جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول اور چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان اورتینوں افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ مودی نے اس بات کی تصدیق کی کہ دہشت گردی کوگہرا ضرب کیساتھ نمٹنے کا قومی عزم ہے۔مودی نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ایک ذریعہ نے مودی کے حوالے سے بتایا کہ “انہیں ہمارے ردعمل کے موڈ، اہداف اور وقت کے بارے میں فیصلہ کرنے کی مکمل آزادی ہے۔”میٹنگ کا انعقاد ہندوستان نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد جوابی اقدامات کے لیے اپنے آپشنز پر غور کرنے کیلئے کیا تھا۔مودی نے اس حملے کے پیچھے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا تعاقب کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اس سے پہلے دن میں مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں تین نیم فوجی دستوں کے سربراہان اور دو دیگر سیکورٹی اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔