نئی دہلی// بری فوج کے سربراہ جنرل بپن راوَت نے کہا ہے کہ فوج کا مقصد ملی ٹینسی کا خاتمہ کرنا ہے ، پھرچاہے مسعود اظہر کا بھتیجا ہو یا کوئی اور ہو۔نئی دلی میں ایک تقریب کے حاشیے پرنامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران جنرل بپن راوَت نے کہا کہ جموں کشمیر میں جنگجوئوں کاصفایا کرنے کیلئے فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی۔جنگجوئوں کے قبضے سے امریکی ساخت کی جدید رائفل برآمد ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میںانہوں نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہا’’ہم آسانی کے ساتھ یہ بات سمجھ سکتے ہیں کہ دہشت گردوں کو کہاں سے حمایت مل رہی ہے ؟یہ واضح ہے کہ سرحد کے اُس پار سے ‘‘۔فوجی سربراہ نے کہا کہ’’جیسا کہ میں نے کہا، کارروائیوں میں کوئی کمی نہیں آئے گی، اگر جنگجو کوئی ایسی سرگرمی انجام دیتے ہیں جس سے لوگوں کے جان و مال کو خطرہ لاحق ہو، اگر وہ کسی عمارت، سیاسی تنصیب، پولیس اسٹیشن یا فوج کو نشانہ بناتے ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ عام شہری کو پریشانیوں میں مبتلا کررہے ہیں، ہماری یہ کوشش ہوگی کہ جتنا جلد ممکن ہوسکے، ان کا خاتمہ کیا جائے‘‘۔جنرل بپن روات نے مزید بتایا کہ ہر اُس شخص کو فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا جو عسکری سرگرمیوں میں ملوث ہوگا۔ ان کا کہنا تھا’’ہمارابنیادی مقصد دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے ، چاہے مسعود اظہر کا بھتیجا ہو یا کوئی اور!ہمارا اس کے مذہب یا کسی اور چیز سے کوئی لینا دینا نہیں ہے بلکہ ہماری توجہ ملی ٹینسی کے خاتمے پر مرکوز ہے‘‘۔