سرینگر// مسلم لیگ کے محبوس چیئر مین مسرت عالم بٹ کے پولیس ریمانڈ میں 7اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔ مسلم لیگ کے لیگل سیکریٹری شاہ ریاض نے بتایاکہ محبوس لیڈر مسرت عالم کو سب جیل بارہمولہ میں موصوف کیخلاف پولیس تھانہ بارہمولہ میں درج ایک کیس زیر ایف آئی آر258/2016زیر دفعہ 13ULAکے تحت نظر بند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز مسرت عالم بٹ کو منصف کورٹ بارہمولہ کی عدالت میں پیش کیا گیا اور یہاں سے پولیس نے موصوف کیخلاف 17اپریل تک ریمانڈ حاصل کیا۔ شاہ ریاض نے بتایا کہ جن دنوں مسرت عالم کیخلاف غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل ہونے کی پاداش میں بارہمولہ تھانے میں کیس درج دکھا یا گیا ہے ، تب وہ ایام اسیری کاٹ رہے تھے۔ انہوں نے پولیس کے درج ایف آئی آر کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ مسرت عالم بٹ کی اسیری کو طول دینے کیلئے مختلف ہتھکنڈے بروئے کار لائے جارہے ہیں۔