سرینگر//محبوس مزاحمتی لیڈرمسرت عالم بٹ کوپھرسری نگرکی عدالت میں پیش نہیں کیاگیاجبکہ پولیس نے عبدالاحدپرہ کیخلاف14جون تک کیلئے جوڈیشل ریمانڈحاصل کرلیا۔لیگ کے لیگل سیکرٹری شاہ ریاض نے بتایاکہ ایک مرتبہ پھرلیگ کے محبوس سربراہ مسرت عالم بٹ کومختلف کیسوں کی سماعت کے دوران سرینگرکی عدالتوں میں پیش نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ جمعرات کوتھرڈسیشنزجج سرینگراورفورتھ ایڈیشنل سیشنزجج سرینگرکی عدالت میں مسرت عالم کیخلاف زیرسماعت دوکیسوں کی شنوائی ہونی تھی اورلازم تھاکہ محبوس رہنماکودونوں عدالتوں میں پیش کرنے کیلئے جموں جیل سے سرینگرلایاجائے لیکن پولیس حکام نے پھرایک مرتبہ ایسانہیں کیا،جس وجہ سے دونوں کیسوں کی سماعت آگے نہیں بڑھ سکی ۔شاہ ریاض نے کہاکہ گزشتہ 4ماہ سے ایک بھی مرتبہ مسرت عالم بٹ کوزیرسماعت کیسوں کی شنوائی کی تاریخ پرعدالتوں میں پیش نہیں کیاگیاجواسبات کوظاہرکرتاہے کہ ایک منصوبہ بندسازش کے تحت لیگ سربراہ کی اسیری اوراُن کیخلاف دائرکیسوں کوطول دیاجارہاہے ۔شاہ ریاض نے سوالیہ اندازمیں کہاکہ اگرکسی عام شہری یاریاست کے درمیان کسی بھی عدالت میں زیرسماعت کیس کی شنوائی کی تاریخ پرملزم یعنی عام شہری حاضرنہ ہوجائے تواُس کیخلاف پہلے نوٹس اورپھرباضابطہ طوروارنٹ گرفتاری عدالت کی جانب سے جاری کی جاتی ہے لیکن اگرسرکاریااسکے اداروں کی جانب سے کیسوں کی سماعت کے حوالے سے کوئی لیت ولعل کیاجائے توعدالتوں کی جانب سے سرکاریااسکے اداروں سے کوئی جواب طلبی نہیں کی جاتی ہے جوکہ سراسرناانصافی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ لیگ کے محبوس چیف آرگنائزرعبدالاحدپرہ کیخلاف پولیس نے جمعرات کومزیددوہفتوں کیلئے جوڈیشل ریمانڈحاصل کرلیا۔انہوں نے کہاکہ پولیس تھانہ کرالہ گنڈہندوارہ میں درج کیس زیرایف آئی آرنمبر30/2017کے تحت مسلم لیگ کے سینئرلیڈرکونظربندرکھاگیاہے ،اورجمعرات کے روزعبدالاحدپرہ کوکپوارہ کی ایک عدالت میں پیش کیاگیاجہاں سے پولیس نے محبوس لیڈرکیخلاف14جون تک کیلئے جوڈیشل ریمانڈحاصل کرلیا۔